پنجاب کی نگران حکومت دوررس نتائج پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (FIEDMC) کے زیر انتظام صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دوررس نتائج کی حامل پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

صوبائی وزیر نے یہ بات اپنے دورہ فیصل آباد کے موقع پر فیڈمک آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر سلوت سعید، چیئرمین فیڈمک انس جان اور کمپنی کے دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے ہدایت کی کہ FIEDMIC کے زیر اہتمام صنعتی زونز میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو اور صنعتی شعبہ پروان چڑھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں انڈسٹری لگانے کے لیے حاصل کیے گئے پلاٹس کو ہر صورت میں قائم کیا جائے کیونکہ انڈسٹری لگنے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ الاٹمنٹ میں کسی قسم کی بدعنوانی یا غیر ذمہ داری قابل قبول نہیں۔ اجلاس میں کمشنر فیصل آباد نے صنعتوں کے فروغ اور ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چینیوں سمیت غیر ملکیوں کے حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ چیئرمین فیڈمک نے صنعتی زونز میں دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔